سری نگر:جموں وکشمیروقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جمعرات کے روز کہاکہ مرکزی سرکار نے جموں وکشمیر کے لئے خزانے کے دورازے کھولے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بجٹ عوام دوست ہے اور جموں وکشمیر کو اس بار بھی بجٹ میں ترجیح دی گئی جس سے یہاں کی ترقی میں چار چاند لگیں گے۔ان باتوں کا اظہار درخشاں اندرابی نے زکورہ سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے کی خاطر بجٹ میں خطیر رقم مختص رکھی ہے۔وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے کہا کہ پانچ اگست 2019کے بعد مرکزی سرکار نے جموں وکشمیر کو ترجیح دی ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس بار بھی بجٹ میں جموں وکشمیر کی اور خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں ٹیررزم کے بجائے اب ٹورازم کی بات ہو رہی ہے ، اس شعبے کو مزید ترقی دینے کی خاطر سرکار کوشاں ہے۔وقف چیئرپرسن کے مطابق جموں وکشمیر کی انتظامیہ بھی چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں اورسیاحتی شعبہ اس وقت ترقی کے نئے منازل طے کر رہا ہے۔اس سے قبل ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے زکورہ سری نگر میں لال باب صاحب کے عرس کی تقریبات میں حصہ لیا۔انہوں نے کہاکہ مقامی انتظامیہ نے یہاں پر زائرین کے لئے اچھے انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہاں آکر بہت خوشی ہوئی کیونکہ جس طرح سے مقامی اوقاف نے انتظامات کئے ہیں وہ سراہنا کے قابل ہے۔