سری نگر: یوم آزادی کے پیش نظر جموں وکشمیر میں سیکورٹی بندوبست کو مزید چوکس و سخت کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر میں جہاں سیکورٹی فورسز کی گشت کو بڑھا دیا گیا ہے وہیں گاڑیوں اور راہگیروں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے اتوار کے روز شہر کے کئی علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ گرمائی دارلخلافہ میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں دو پہیہ گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی تھی جبکہ لوگوں کے شناختی کار ڈ بھی باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔ان کے مطابق سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے۔دریں اثنا جموں کے دیگر حصوں اور سری نگر میں بھی یوم آزادی کے پیش نظر سیکورٹی بندوبست کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ امسال بھی یوم آزادی کی تقریبات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جا ئے گا۔ بتادیں کہ امسال جموں و کشمیر میں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں منعقد ہوگی جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا قومی پرچم لہرائیں گے۔