سری نگر، 15 اگست (یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہمایوں مزمل بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہیں یوم آزادی کے موقع پر بعد از مرگ ‘کرتی چکر’ سے نوازا گیا۔
امسال یوم آزادی کے موقع پر ہمایوں بٹ سمیت چار سیکورٹی اہلکاروں کو کرتی چکرا سے نوازا گیا۔
بتادیں کہ ڈی ایس پی ہمایوں بٹ گڈول کوکرناگ کے جنگل علاقے میں سال رواں کے 13 ستمبر کو ملی ٹنٹوں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
ملی ٹنٹوں کی اس فائرنگ کے نتیجے میں فوج کے کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش دھونک بھی از جان ہوئے تھے۔
جموں وکشمیر پولیس نے جمعرات کو یوم آزادی کے موقع پر ہمایوں بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس ڈی ایس پی ہمایوں مزمل بٹ جنہیں ان کی مثالی بہادری اور قربانی کے لئے بعد از مرگ کرتی چکر سے نوازا گیا، کو شاندار خراج پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘قوم کے تئیں ان کا غیر متزلزل عزم اور خطرے میں ان کی بے لوث ہمت ہم سب سے کے لئے حوصلے کی ایک تحریک ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ان کی مثالی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ہم ان کی خدمت کے لئے ان کے ممنوں ہیں، ہم اس بہادر جوان ڈی ایس پی ہمایوں مزمل بٹ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی یاد کا احترام کرتے ہیں’۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ ڈی ایس پی مزمل بٹ کی میراث ہمیں جرات کے ساتھ خدمت کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔