سرینگر: جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے جوش و خروش کے درمیان، کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے اور سینئر رہنما راہل گاندھی انتخابات کے لیے حکمت عملی تیار کرنے اور نیشنل کانفرنس کے ساتھ انتخابی اتحاد کو حتمی شکل دینے کے لیے بدھ کو سرینگر پہنچے۔ کھرگے اور راہل گاندھی بدھ کی شام 6 بجے کے قریب سرینگر ایئرپورٹ پہنچے اور وہ آج رات سرینگر میں ہی قیام کریں گے۔ راہول گاندھی نے لالچوک کے احدوس ہوٹل میں رات کا کھانا کھایا اور پھر پریس انکلیو کے قریب ایک آئس کریم کی دکان پر گئے جہاں انہوں نے آئس کریم کھائی۔
ذرائع کے مطابق کانگریس کے دونوں رہنما، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ سے ملاقات کریں گے تاکہ انتخابات کے لیے پیشگی اتحاد کو حتمی شکل دی جا سکے۔ نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں جموں و کشمیر کی پانچوں نشستوں پر متحدہ الیکشن لڑا تھا، جس میں نیشنل کانفرنس نے کشمیر کی دو نشستیں حاصل کیں جبکہ کانگریس کو اپنی دونوں نشستوں پر بی جے پی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، جموں کی دو نشستوں پر ان کا ووٹ فیصد 2019 کے پارلیمانی انتخابات کے مقابلے میں تھوڑا زیادہ رہا۔
کانگریس کے نائب صدر جی این مونگا نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’جمعرات کی صبح کانگریس کے تمام ضلع صدور اور بلاک صدور پارٹی کے قومی صدر اور راہل گاندھی سے ملاقات کریں گے اور انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وارد ہونے والے رہنما سبھی سینئر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور اسمبلی انتخابات کے لیے مضبوط مہم چلانے کی ہدایت دیں گے تاکہ بی جے پی کو شکست دی جا سکے۔
کانگریس کے رہنماؤں اور کارکنوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ قیادت خصوصاً راہل گاندھی کے دورے سے پارٹی کے کارکنوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور ووٹروں میں نیک نیتی پیدا ہو گی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن غلام احمد میر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’راہل گاندھی آج شام سرینگر پہنچیں گے اور کشمیر کے تمام اضلاع سے 500 کانگریس کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ ان کے دورے کے دوران جمعرات کو سرینگر میں ایک پریس کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔‘‘ کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے انتخابی اتحاد کے لیے بات چیت کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ان کمیٹیوں کی سرینگر میں دو بار ملاقات ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ جموں و کشمیر میں 18 ستمبر سے اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے جس میں پہلے مرحلے میں 24 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ دوسرے مرحلے کے انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے اور تیسرے مرحلے کے انتخابات یکم اکتوبر کو ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔ جموں کشمیر میں آخری مرتبہ اسمبلی انتخابات سال 2014میں منعقد ہوئے تھے۔