جموں/جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی اِنتخابات میں غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے اور اِنتخابی عمل کی سا لمیت کو برقرار رکھنے کے لئے چیف الیکٹورل آفیسر کے آفس جموں اور سری نگر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ اِسی طرح تمام 20 ڈپٹی کمشنروں کے دفاتر میں کنٹرول روموں کو چوبیس گھنٹے فعال بنایا گیا ہے۔
جدید ترین اِنفراسٹرکچر سے لیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے جدید ترین ٹیکنالوجیز کو مربوط کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر جموں وکشمیر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن سے متعلق تمام سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے رائونڈ دی کلاک کام کیا جائے گا اور جس میں فرضی خبروں کے کسی بھی مشتبہ معاملے کے خلاف سخت اور فوری کاررِوائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کے قیام سے جموں و کشمیر میں انتخابی عمل کو تقویت ملے گی اور جموںوکشمیر یوٹی کے تمام 90 حلقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک مشترکہ کام کی جگہ ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے ،’’الیکٹرانک چینلوں کے علاوہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سوشل میڈیا چینلوں اور میڈیا پورٹلوں اور اکاؤنٹس پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے یعنی ایسے عناصر پر میڈیا مانیٹرنگ جو ایسا کوئی بیانیہ تیار کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں جو معاشرے میں امن و امان کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔‘‘
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر نے تمام شہریوں اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
اُنہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ضابطہ اخلاق( ایم سی سی ) کی خلاف ورزیوں کو اُجاگر کرنے کے لئے سی ۔ویجل ایپ کا اِستعمال کریں۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ایسی تمام شکایات کو الیکشن کمیشن کے مقررہ وقت یعنی 100 منٹ کے اندر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔