سری نگر:پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے منگل کو جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرکے باضابط طورپر سیاست میں قدم رکھا۔
انہوں نے اس موقع پر کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کی خاطر پی ڈی پی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔
اطلاعات کے مطابق التجا مفتی نے منگل کے روز بجبہاڑہ حلقے سے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔
التجا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ پارٹی نے مجھے بجبہاڑہ اسمبلی حلقے سے منڈیٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مرحوم مفتی محمد سعید اور محبوبہ مفتی نے اپنی سیاست کا آغاز بجبہاڑہ سے کیا اور آج میں نے بھی یہی سے اپنا سیاسی سفر شروع کیا ہے۔
التجا مفتی نے کہا کہ آج یہ میرے لیے جذباتی لمحہ ہے اور لوگوں کی توقعات پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کرو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محبوبہ مفتی نے عہد کیا ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی تک وہ اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔
بتادیں کہ التجا مفتی پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی صاحبزادی ہے سال 2019میں التجا مفتی اْس وقت سوشل میڈیا پر چھائی رہی جب محبوبہ مفتی کی نظر بندی کے بعد اْس نے پی ڈی پی کی کمان سنبھالی۔
زائد از ایک سال تک التجا مفتی نے اپنی والد ہ کے سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے جموں وکشمیر انتظامیہ کی غلط پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی۔
لوک سبھا انتخابات کے دوران التجا مفتی نے اپنی والدہ کی جیت کی خاطر اننت ناگ پارلیمانی نشست پر الیکشن مہم چلائی تاہم اس کے باوجود بھی محبوبہ مفتی کو ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔