سری نگر28 اگست(یو این آئی)جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن سے قبل الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مرکزی زیر انتظام علاقے میں تعینات چار ایس ایس پیز کو فوری طورپر تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ اسمبلی انتخابات کو یقینی بنانا ہے جو 10 سال کے وقفے کے بعد منعقد ہو رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کو سری نگر ، بارہ مولہ ، کپواڑہ اور ہندواڑہ اضلاع میں تعینات ایس ایس پیز کو فوری طورپر تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایس ایس پی سری نگر آشیش مشرا، ایس ایس پی بارہ مولہ گروندر پال سنگھ ، ایس پی ہندواڑہ داود ایوب اور ایس ایس پی کپواڑہ شوبھت سکسینہ کی جگہ نئے آفیسران کو تعینات کرنے کے حوالے سے ای سی آئی نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو ہدایت دی ہے۔
ای سی آئی نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ وہ جمعرات کی شام پانچ بجے تک نئے سپر انٹنڈنٹ آف پولیس کی تعیناتی کی خاطر آفیسران کی لسٹ فراہم کریں ۔
انہوں نے آئی پی ایس آفیسر نالین پربھات کو 30ستمبر تک جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے طورپر خدمات انجام دینے کوبھی منظوری دی ہے۔ یکم اکتوبر کو نالین پر بھات جموں وکشمیر کے نئے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا عہدہ سنبھالیں گے ۔
ای سی آئی نے اننت ناگ کے ڈپٹی کمشنر سید فخرالدین حامد کی انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن مدت میں دو سال کی توسیع کو بھی منظوری دے دی۔