سرینگر (جموں کشمیر) : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں کشمیر اسمبلی کی موجودہ حالت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کہ ’’جموں کشمیر اسمبلی کو محض ایک بلدیہ کی سطح تک گھٹا دیا گیا ہے۔‘‘ محبوبہ مفتی نے کہا کہ انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی حکومت کے پاس ایک بل پاس کرنے تک کا بھی کوئی حقیقی اختیار نہیں ہے۔
سرینگر میں پریس نمائندوں کے ساتھ اسمبلی انتخابات کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے ہمیشہ الیکشن تنہا ہی لڑا ہے۔ جب سے ہماری پارٹی وجود میں آئی ہے ہم اکیلے اور عوام کے تعاون سے لڑے ہیں۔‘‘ محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں چند افراد کے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیا کہ وہ اور ان کی پارٹی کا ہر ایک نمائندہ لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے جد و جہد جاری رکھیں گے۔ یونین ٹیریٹری میں منعقد ہو رہے انتخابات کے حوالہ سے محبوبہ مفتی نے کہا: ’’عمر صاحب (عمر عبداللہ) نے خود ہی کہا کہ آنے والی حکومت کو چپراسی کے تبادلے کے لیے بھی گورنر سے منظوری حاصل کرنی پڑے گی۔‘‘
محبوبہ مفتی نے طنزیہ اندا میں کہا: ’’ میں صرف چپراسیوں کے تبادلوں کی فکر نہیں کر رہی، بلکہ میں ایسی وزیر اعلیٰ رہ چکی ہوں کہ جس نے بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت چلائی، 12000 افراد کی ایف آئی آر کو منسوخ کر دیا۔ علیحدگی پسندوں کو خط لکھے، جنگ بندی نافذ کروائی، کیا آپ (نئی حکومت) اب یہ کر سکتے ہیں؟‘‘ دریں اثناء، محبوبہ مفتی نے از خود ان انتخابات سے دو رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔