سری نگر25 ستمبر(یو این آئی)جموں و کشمیر میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بدھ کی صبح 26 حلقوں کے لئے پولنگ شروع ہوئی۔
حکام کے مطابق جموں وکشمیر کے 6 اضلاع پر محیط 26 حلقوں پر بدھ کی صبح 7 بجے پولنگ انتہائی جوش و خروش سے شروع ہوئی۔سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ اور جموں وکشمیر کو دو یونین ٹریٹریوں میں منقسم کرنے کے فیصلوں کے بعد یہ جموں و کشمیر میں منعقد ہونے والے پہلے اسمبلی انتخابات ہیں۔
انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کشمیر میں 15 جبکہ جموں خطے میں 11نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تمام 3 ہزار 5 سو 2 پولنگ مراکز پر صبح سے ہی رائے دہندگان لمبی لمبی قطاروں میں اپنی اپنی باریوں کے انتظار میں دیکھے جا رہے ہیں جہاں ہموار پولنگ کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔جہاں اس وقت پولنگ جاری ہے ان میں خانیار، زڈی بل ، حضرت بل ، عید گاہ، حبہ کدل ، لالچوک ، چھانہ پورہ ، سینٹرل شالہ ٹینگ ، گاندربل ، کنگن ، بڈگام ، چرار شریف ، بیروہ ، خانصاحب ، چاڈورہ ، گلاب گڑھ، ریاسی، شری ماتو ویشنو دیوی، کالاکوٹ، سندربنی، نوشہرہ، راجوری، بدھل ، تھانہ منڈی ، سرنکوٹ، پونچھ حویلی اورمینڈھر شامل ہیں۔
اس مرحلے میں تازہ ترین انتخابی فہرستوں کے مطابق 25,78,099 لاکھ رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی کااستعمال کرنے کے اہل ہیں جن میں 13,12,730 لاکھ مرد رائے دہندگان، 12,65,316 لاکھ خواتین ووٹرز اور 53 خواجہ سرا ووٹرزشامل ہیں۔دوسرے مرحلے پر کل 2سو 39امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جو نمایاں امیدوار حصہ لے رہے ہیں ان میں پردیش کانگریس کے صدر طاریق حمید قرہ ، سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ، نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، سابق سپیکر مبارک گل، اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری،بی جے پی کے سینئر لیڈر رویندر رینا، چودھری زلفقار، تنویر صادق، پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری غلام نبی ہانجورہ، نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر ، شمیمہ فردوس، انجینئر اعجاز احمد، جنید عظیم متو، عابد انصاری ، شیخ عمران اور محبوس مذہبی رہنما سرجان برکاتی شامل ہیں۔
دریں اثنا حکام نے پر امن اور صاف و شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔اسمبلی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 8اکتوبر کو ہوگی۔بتادیں کہ پہلے مرحلے کی پولنگ 18 ستمبر کو منعقد ہوئی تھی جس میں ووٹنگ کی شرح مجموعی طور پر61 فیصد ریکارڈ ہوئی تھی۔
