سری نگر: وزیر صحت سکینہ ایتو نے جمعرات کے روز کہاکہ جموں وکشمیر کے ہسپتالوں میں جو کمیاں پائی جا رہی ہیں انہیں دور کرنے کی بھر پور سعی کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت میں خالی پڑی اسامیوں کو جلدازجلد پر کرنے کی خاطر بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
ان باتوں کا اظہار وزیر صحت نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ شعبہ صحت میں نئی روح پھونکنے کی خاطر موجودہ سرکار کوشاں ہے ۔ سکینہ ایتو نے کہاکہ جموں وکشمیر کے ہسپتالوں میں اگر چہ کچھ خامیاں ہیں تاہم موجودہ سرکار انہیں دور کرنے کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔
وزیر صحت نے کہاکہ دیہی علاقوں میں ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی کمی کو بھی دور کیا جائے گا اور اس حوالے سے جو خالی پڑی اسامیاں ہیں انہیں عنقریب پر کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ سرکار مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے وعدئے پر کاربند ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دور دراز ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے لیس کرنے کی خاطر بھی سرکار زمینی سطح پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔