بلال حبیب
کشمیر ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی سکاسٹ کے سائنس دان پانپور کے تحقیقاتی اسٹیشن میں زعفران کی اندرون خانہ کاشت کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں۔ یہ منصوبہ حالیہ برسوں میں تیار کیا گیا ہے اور اس وقت اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔یہ منصوبہ ساسٹ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد گنائی کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے، جو جموں و کشمیر کے غیر روایتی علاقوں میں زعفران کی کاشت کے امکانات کو تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔ یہ تحقیق پانپور کے دو سو علاقے میں زعفران اور بیج مصالحہ جات کے لیے قائم جدید تحقیقاتی اسٹیشن پر کی گئی ہے۔سائنس دانوں نے مختلف تجربات کیے ہیں اور اپنے مقصد کے حصول کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر بشیر احمد الہی، جو ساسٹ کشمیر کے زعفران اور بیج مصالحہ جات کے جدید تحقیقاتی اسٹیشن کے سربراہ ہیں، نے چٹان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ ٹیکنالوجی ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے، لیکن ٹیم نے کامیابی سے پھول نکلنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم کنٹرولڈ حالات میں بلب کی تیاری پر کام کر رہے ہیں، جس کا مقصد اعلی معیار کے زعفران کے پھول ہیں۔” جب اس ٹیکنالوجی کو حتمی شکل دے دی جائے گی تو یہ ان کسانوں کے لیے دستیاب ہو سکتی ہے جو غیر روایتی علاقوں میں زعفران کی کاشت میں دلچسپی رکھتے ہیں، جس سے کشمیر کے روایتی کھیتوں سے باہر زعفران کی کاشت کو وسعت دینے کا امکان پیدا ہو گا۔بشیر الہی نے کہا کہ اس منصوبے کی اہمیت اس بات میں ہے کہ یہ زعفران کی کاشت کو نئے علاقوں میں متعارف کرانے کا امکان فراہم کرتا ہے، جس سے کسان مخصوص آب و ہوا اور مٹی کی شرائط پر انحصار سے آزاد ہو سکتے ہیں۔موزوں ماحول کے علاوہ ایک اور طریقہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے یسرچ سنٹر کےہیڑ بشیر الہی نے یہ طریقہ پہلے ہی کشمیر کے کئی کسان اپنا چکے ہیں اور اس میں زعفران کو وسیع ماحولیاتی کنٹرول کے بغیر اندرون خانہ میں اگانے کا ایک متبادل طریقہ فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، “کسانوں کو جون میں زعفران کے بلب حاصل کرنے چاہئیں اور انہیں ایک ہوادار، تاریک کمرے میں بیچ ستمبر تک رکھنا چاہئے۔” “پھر انہیں بلب کو ایک کمپیکٹ ماڈیول میں ٹرے میں منتقل کرنا چاہئے اور کسی بھی غذائی ذریعہ کے بغیر 15 ستمبر سے روشنی دینی شروع کرنی چاہئے۔
” اکتوبر تک بلب کھلیں گے، اور کسان ٹرے سے بلب نکال سکتے ہیں،اور انہیں گھنی کاشت کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔