نئی دہلی/13 ؍نومبر:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج نئی دہلی میں نائب صدر جگدیپ دھنکھر کے ساتھ وائس پریذیڈنٹز کنکلیو میں ملاقات کی۔
وائس پریذیڈنٹز دھنکھرکے آفیشل اکائونٹ ایکس(ٹویٹر)پر شیئر کیا گیا،’’ جموںوکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج نائب صدر شری جگدیپ دھنکھر کے ساتھ وائس پریذیڈنٹز کنکلیو میں ملاقات کی۔‘‘
وزیر اعلیٰ اِس وقت سرکاری دورے پر قومی راجدھانی میں ہیں جس دوران وہ اگلے دو دنوں میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر خزانہ نرملا سیتارمن سے بھی ملاقات کریں گے۔
یہ دورہ جموں وکشمیر کی مرکزی حکومت کے ساتھ تال میل بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی مصروفیات کے ایک حصے کے طور پر 12 ؍نومبر کو مرکزی وزیر پاور منوہر لال کھٹر کی صدارت میں ریاستوں اور یوٹیزکے بجلی وزرأ کی کانفرنس میں شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کانفرنس میں جموں و کشمیر کو پن بجلی پیدا کرنے کے لئے اپنے دریاؤں کی صلاحیت کو مکمل طور پر بروئے کار لانے میں درپیش چیلنجوں پر تفصیل سے بات کی بالخصوص سندھ آبی معاہدے کی وجہ سے دریا کے منصوبوں کے لئے پانی کے محدود استعمال کی اجازت دیتا ہے لیکن تین اہم دریائی نظاموں کے سلسلے میں پانی ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ سندھ،چناب اور جہلم دریائے جموں و کشمیر میں بہہ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کل تمام ٹیکنیکل سیشنوں میں سرگرمی سے حصہ لیا اور حکومت جموںوکشمیر کے نقطہ نظر اور مسائل کو قومی فورم کے سامنے پیش کیا۔
