سری نگر،16 نومبر (یو این آئی) شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کو ہفتے کی صبح برف کی مہین سی چادر نے اپنی لیٹ میں لے لیا جس نے اس قطعہ اراضی کی خوبصورتی کو مزید دو بالا کر دیا۔
ادھر شمالی کشمیر کی وادی گریز میں بھی ہفتے کی صبح تازہ برف باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے وادی میں دو پہر کے بعد موسم میں بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گلمرگ میں ہفتے کی صبح برف باری ہو رہی تھی اور کم سے کم ایک انچ برف زمین پر جمع ہوئی تھی۔
تازہ برف باری نے اس قطعہ اراضی کے تمام میدانوں، بالائی حصوں اور درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس دوران وہاں موجود مقامی و غیر مقامی سیاح اس تازہ برف باری سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ اس جگہ نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جس سے اس کے مناظر مزید قابل دید ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان مطابق وادی میں 16 نومبر کی دو پہر کے بعد موسم میں بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 17 سے23 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے جبکہ 24 نومبر کو موسم ایک بار پھر کروٹ بدل سکتا ہے جس کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک رہنے کا ہی امکان ہے
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں ۔
