رام بن//کمشنر سیکرٹری جنگلات ، ماحولیات سنجیو ورما نے آج ان علاقوں کے اپنے وسیع دورے کے دوران افسران سے پتنی ٹاپ اور بٹوت میں شجر کاری مہم کو تیز کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے پتنی ٹاپ پر ہوٹل والوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے ساتھ علاقے میں جنگلات اور ماحولیات کے تحفظ کے اقدامات کو مزید بڑھانے کیلئے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ واضع طور پر پتنی ٹاپ اور اس کے آس پاس کے علاقے مختلف وجوہات کی وجہ سے پودوں سے خالی ہیں ۔ کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ ان کے اس پہاڑی علاقے کے دورے کا مقصد جدید ترین حیاتیاتی اور انجینئرنگ مداخلتوں کو اپناتے ہوئے اس علاقے میں پودوں کو فروغ دینے کے امکانات تلاش کرنا ہے ۔ انہوں نے پتنی ٹاپ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے فلاور ویلی کے قیام کیلئے مجوزہ علاقے کا بھی دورہ کیا ۔ سنجیو ورما نے ان پہاڑی علاقوں کیلئے بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی کی اہمیت پر زور دیا جس سے مقامی لوگوں کیلئے گھاس اور چارے کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی اس علاقے کے حیوانی جانوروں کیلئے رہائش گاہ کو بھی بہتر بنایا جائے گا ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ جنگلات کے کاموں کو محکمہ دیہی ترقی کے ساتھ منریگا کنور جنس پلان کے تحت مربوط کریں تا کہ زمین پر سبزہ کو بہتر کرنے کے علاوہ مقامی آبادی کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں کام دن پیدا کئے جاسکیں ۔ بعد ازاں کمشنر سیکرٹری نے مٹی کے تحفظ کے کاموں کا معائینہ کیا جو قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو چوڑا کرنے کی وجہ سے ہونے والے لینڈ سلائیڈنگ پر قابو پانے کیلئے کئے جا رہے ہیں ۔ سنجیو ورما نے نیشنل ہائی وے کی ڈمپنگ سائٹ پر ناشری میں شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا جہاں انہوں نے چنار اور برگد کے پودے لگائے ۔ رام بن میں کمشنر سیکرٹری نے پی آر آئی اور ولیج پنچائت پلانٹیشن کمیٹیوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ اس سے قبل کمشنر سیکرٹری نے فاریسٹ نرسری مانڈ اودھمپور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نرسری میں دستیاب پودوں کا جائیزہ لیا اور جدید تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے پودوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے کچھ ہدایات جاری کیں ۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر پی سی سی ایف محکمہ سوشل فارسٹری روشن جگی ، ڈپٹی کمشنر مسرت اسلام ، کنزرویٹر آف فاریسٹ ایسٹ سرکل جموں بی موہن داس اور دیگر سینئر افسران بھی تھے ۔