جموں،31 مارچ :
کانگریس پارٹی کے لیڈروں اور ورکروں نے جمعرات کو ایک بار پھر یہاں پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں ہو رہے اضافے کے خلاف احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ ’غریب کی ہتھیا بند کرو‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر رمن بھلہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ موجودہ سرکار غریب عوام کو مارنے کا کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتے سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں ایک بار پھر لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا: ’پٹرول کے فی لیٹر میں اسی پیسے کے اضافے سے سرکار کو دس ہزار کروڑ روپیے یومیہ کا فائدہ ہوتا ہے‘۔
موصوف لیڈر نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں ہو رہے اضافے سے مہنگائی مزید بڑھ گئی ہے جس سے لوگوں کے گھروں میں چولھے جلنا مشکل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا تھا اور آج بھی ہم احتجاج درج کر رہے ہیں تاکہ سرکار جاگ جائے اور عام لوگوں کو راحت دینے کے لئے اقدام کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن اور انتخابات کے اختتام کے امید کی جاتی تھی کہ اب لوگوں کو راحت پہنچائی جائے گی لیکن ایسا نہیں کیا جا رہا ہے۔
(یو این آئی)