سری نگر،09 اپریل:
اپنے منفرد قدرتی حسن و جمال کے لئے دنیا بھر میں مشہور وادی کشمیر میں سال رواں کے ابتدائی مہینوں کے دوران سیاحوں کی ریکارڈ ساز آمد درج کی جا رہی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ماہ مارچ میں قریب ایک لاکھ اسی ہزار سیاح وادی کے حسین نظاروں سے محظوظ ہوئے ہیں جو گذشتہ ایک دہائینکے دوران ایک ریکارڈ ہے۔
سیاحوں کی تعداد میں درج ہو رہے غیر معمولی اضافے کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر روزانہ قریب 92 پروازیں آپریٹ کر رہی ہیں جن میں روز آٹھ سے نو ہزار سیاح وارد وادی ہوجاتے ہیں۔
ادھر سری نگر اور وادی کے سیاحتی مقامات جیسے گلمرگ، پہلگام وغیرہ میں ہوٹلوں کے تمام کمروں کی بکنگ ہوئی ہے جبکہ دیگر گیسٹ ہاؤسز اور ہاؤس بوٹس بھی گنجائش کے مطابق بھرے ہوئے ہیں۔
محکمہ سیاحت کے ذرائع کے مطابق رواں سیزن کے دوران اب تک زائد از تین لاکھ سیاح وارد وادی ہو کر یہاں کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں پہلی بار امسال سیاحوں کی اتنی بڑی تعداد وارد وادی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہ مارچ کے دوران ہی ایک لاکھ اسی ہزار سیاحوں نے کشمیر کی سیر کی جو گزشتہ دس برسوں کے دوران ایک ریکارڈ ہے۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتے کے دوران زائد از 58 ہزار سیاح وادی کی سیر کو پہنچ گئے۔
اس دوران سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ سیاحوں کی دلچسپی کا خاص مرکزہے۔ یو این آئی