سری نگر، 16 اپریل :
جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبدا للہ کا کہنا ہے کہ این سی عوام کو درپیش مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کرنے اور ان کا سدباب کرانے کے اپنے فرائض کو بخوبی انجام دینے کی از حد کوشش کرتی ہے اور ہر حال میں اس بات کے لئے کوشاں رہتی ہے کہ عوام کو کسی نہ کسی طرح راحت پہنچائی جائے۔
ان باتوں کا اظہار پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر آئے ہوئے عوامی وفود کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔
عمر عبداللہ نے وفود کو بتایا کہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ ہر ایک فرد ہمیشہ اس بات کے لئے کوشاں رہتا ہے کہ عوامی مسائل و مشکلات کو دورکیا جاسکے اور ہماری جماعت ہر حال میں عوام کی راحت رسانی کے کاموںمیں پیش پیش رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2016 سے جموں و کشمیر کے لوگوں نے بہت زیادہ مصائب اور مشکلات جھیلے اور اس دوران لوگوں کو روز مرہ کی سہولیات بھی مشکل سے ہی دستیاب رہتی تھی لیکن گذشتہ 3 سال کے دوران ان مصائب اور مشکلات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا اور اس وقت عوام کو جینا دوبھر ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاستی عوام کی ترجمان جماعت ہے اور ہماری جماعت نے ہمیشہ لوگوں کو ہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے اور ہم ہر حال میں عوام کی آواز کو بلند کرتے رہیں گے۔(یو این آئی )