سری نگر،30 اپریل:
وادی کشمیرکے دو مختلف اضلاع میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک فوجی جوان سمیت دو افراد از جان جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے۔
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ہفتے کے روز ایک سڑک حادثے میں ایک فوجی جوان از جان جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گاندربل کے بالا گنڈ سمبل علاقے میں مسجد موڈ کے نزدیک ہفتے کے روز ایک فوجی گاڑی جو ایک فوجی کانوائے کا حصہ تھی، سڑک پر پلٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یہ فوجی کانوائے سری نگر سے سونہ مرگ جا رہی تھی۔
دریں اثنا سرحدی ضلع کپوارہ کے درد پورہ علاقے میں بھی ہفتے کے روز ایک سڑک حادثے میں ایک ایک شخص از جان جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے درد پورہ علاقے میں ہفتے کے روز ایک آلٹو گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لا کر راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت 55 سالہ غیاز الدین خواجہ کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت مظفر احمد اور سجاد احمد خواجہ کے بطور کی گئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے۔ (یو این آئی)