سری نگر ،26مارچ:
جنوبی ضلع پلوامہ کے آگانزی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ حشرو چاڈورہ میں گزشتہ رات امبرین بٹ کی ہلاکت میں ملوث دو جنگجو اونتی پورہ میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعرات شام دیر گئے سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اونتی پورہ کے آگانزی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔اْن کے مطابق سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں کو سیل کیا ہے۔دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’بڈگام کے حشرو چاڈورہ علاقے میں گزشتہ رات امبرین بٹ نامی خاتون کی ہلاکت میں ملوث دو جنگجو اونتی پورہ تصادم میں پھنس کر رہ گئے ہیں‘‘۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔یو این آئی
