سری نگر،30 مئی:
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ مقامی نوجوانوں کو جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے سے باز رکھنے کے کئے کثیر جہتی محاذوں پر کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملی ٹنسی کی طرف راغب کرانے والوں پر پی ایس اے عائد کیا جا رہا ہے۔
موصوف آئی جی پی نے ان باتوں کا اظہار یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’پولیس نوجوانوں کو بندوق اٹھانے سے باز رکھنے کے کام میں کافی حد تک کامیاب ہوئی ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’ہم اس کے لئے کثیر جہتی محاذوں پر کام کر رہے ہیں والدین کی مدد سے کچھ بچوں کو واپس لائے ہیں کچھ کو گرفتار کیا ہے اور جو ان بچوں کو بندوق اٹھانے پر راضی کرتے ہیں ان پر پی ایس اے عائد کیا جاتا ہے اور ان کو باہر بھیجا جاتا ہے‘۔
مسٹر کمار نے کہا کہ کچھ کو انکاؤنٹرس کے دوران موقع دیتے ہیں کہ وہ سرنڈر کریں۔انہوں نے والدین سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
شری امر ناتھ یاترا کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ یاترا کے لئے تین سطحی سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔
