سرینگر، 16 جون:
وادی میں دہشت گردی کی فنڈنگ کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن میں، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے آج بارہمولہ ضلع میں دوسرے روز بھی متعدد مقامات پر تازہ چھاپے مارے۔ بارہمولہ اور دیگر مقامات پر مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ دوسرا دن ہے جب مرکزی ایجنسی نے وادی میں تلاشی لی ہے۔
بدھ کے روز، این آئی اے نے ایل او سی کے پار تجارت اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق ایک معاملے کے سلسلے میں چار مقامات پر چھاپے مارے ۔ ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ بارہمولہ میں تین مقامات اور کپواڑہ ضلع کے ہندواڑہ میں ایک مقام پر تلاشی لی گئی ایجنسی کے مطابق مشتبہ افراد کی تلاشی لی گئی جنہوں نے جموں و کشمیر اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) کے درمیان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار تجارت کے ذریعے اضافی منافع کمایا اور اس رقم کو دہشت گردی کی سرگرمیوں کو ہوا دینے میں استعمال کیا ہے۔
