سری نگر،: سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے ہموار انعقاد کے لیے کیمپ ڈائریکٹرز کی حیثیت سے اہم کردار ادا کرتے ہوئے مدد اور ہمدردانہ رویہ کا مظاہرہ کریں۔ یہ بات ڈویژنل کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری نے اورینٹیشن کم ٹریننگ کے دوران ٹی آر سی میں منعقدہ پروگرام میں کیمپڈائریکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈی سی نے فوری فیصلہ سازوں اور معلومات پھیلانے والوں کے علاوہ مسائل کے فوری حل کے لیے بطور ناظم یاتریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیمپ ڈائریکٹرز کے کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے انہیں ہجوم کے انتظام، کٹ آف اوقات پر سختی سے عمل کرنے، انخلاء کے طریقہ کار، مختلف ایجنسیوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے علاوہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے بارے میں آگاہ کیا۔
ڈویژن کمشنر نے انہیں روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا اور ویڈیوز کو ڈویژنل سوشل میڈیا سیل میں شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی جسے متعلقہ انچارج افسران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کریں گے۔انہوں نے تمام کیمپ ڈائریکٹرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ کیمپوں میں صفائی مہم چلائیں تاکہ ارد گرد کی صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔کیمپ ڈائریکٹرز، ایڈیشنل کیمپ ڈائریکٹرز اور ڈپٹی کیمپ ڈائریکٹرز کل اپنے اپنے کیمپوں کے لیے روانہ ہوں گے۔
