جموں/25؍اگست:
سیکرٹری جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی ( جے کے ایل اے)منوج کمار پنڈت نے اُدے پور راجستھان میں 21سے 23؍ اگست تک منعقدہ کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن ( سی پی اے) اِنڈیا ریجنل کانفرنس میں شرکت کی۔سپیکر لوک سبھا ( چیئر پرسن سی پی اے اِنڈیا ریجن ) اوم بِرلا نے کانفرنس کا اِفتتاح کیا۔سی پی اے اِنڈیا ریجن لوک سبھا راجیہ سبھا اور جموںوکشمیر سمیت ہندوستان کے 31 قانون ساز اسمبلی پر مشتمل ہے۔
اِس کانفرنس میں نائب صدر ہند اور راجیہ سبھا کے چیئرمین شری جگدیپ دھنکر ، گورنر راجستھان کلراج مشرا، وزیر اعلیٰ راجستھان اشوک گہلوت ، ڈپٹی چیئرمین راجیہ سبھا ہری ونش نارائن سنگھ اور سپیکر راجستھان اسمبلی سی پی جوشی نے بھی شرکت کی۔
ریجنل کانفرنس نے پارلیمانی جمہوریت کے بارے میں اَپنے تجربات کا اشتراک کرنے کے لئے کامن ویلتھ کے اراکین پارلیمنٹ کو اِکٹھا کیا۔ ریجنل کانفرنس کا موضوع ڈیجیٹل دور میں جمہوریت اور بہتر حکمرانی کو مضبوط بنانا تھا۔
لوک سبھا سپیکر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازوں کو نئی ٹیکنالوجی کو اَپنانا چاہیے تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ عوامی مشغولیت زیادہ رہے اور جمہوریت میں فعال شرکت ہو۔
اِس موقعہ پر چیئرپرسن سی پی اے لین لڈل گرینجر نے کہا کہ کامن ویلتھ پارلیمانی ایسو سی ایشن اَپنی سرگرمیوں سے پارلیمانی جمہوریت کو فروغ دیتی ہے۔
سیکرٹری جنرل سی پی اے سٹیفن ٹویگ نے بھی ریجنل کانفرنس میں شرکت کی اور اِنڈیا ریجن کے سی پی اے کی شاخوں کے مقررین اور اراکین سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ سیکرٹری جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی نے جنوری 2023ء مہینے میں جے پور میں ہندوستان میں 83ویں پریزائیڈنگ آفیسرز کانفرنس اور قانون ساز اِداروں کے سیکرٹریوں کی 59 ویں کانفرنس میں بھی شرکت کی اور لیجسلیچر میں کمیٹی کے نظام کو مضبوط کرتے ہوئے ایگزیکٹیو احتساب کو عملانے کے ایجنڈے میں حصہ لیا۔