نیوز ڈیسک
گاندربل:۹، فروری: پولیس نے جمعرات کی شام کو گاندربل ضلع کے کنگن علاقے میں ’چاول کوٹنے والی مشین گھوٹالے‘ میں12 افراد کو گرفتار کیا اور بڑی مقدار میںجعلی کرنسی برآمد کی جبکہ ملزمان کی5 گاڑیوں کو ضبط کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن کنگن کو قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی کہ ڈمپنگ پارک کے قریب کجپارہ میں کچھ مشکوک افراد کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ پولیس تھانہ کنگن کی پولیس پارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر چھاپہمار کر 12 افراد کو گرفتار کیا جو مشکوک حالت میں گھوم رہے تھے اور تلاشی کے دوران پولیس نے دونوں گرفتار شدگان کی تحویل سے50ہزارروپے کے30 بنڈل برآمد کئے اور کل مالیت کی ایک لاکھ 50ہزار 1500000 جعلی کرنسی (چلڈرن بینک) نوٹ اور کل 56600 روپے کی نقدی برآمد کی۔پولیس کے مطابق ابتدائی انکوائری کے مطابق گرفتار ملزمان چاول کھینچنے یا کوٹنے والی مشین (تراتھگولا) کا کچھ سودا کر رہے تھے۔
ملزمان کی5 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار شدگان کی شناخت ریاض احمد میر ولد غلام احمد میرساکنہ کجپارہ کنگن، غلام نبی ملک ولد محمد عبداللہ ملک ساکنہ لاری پرنگ، محمد زبیر ولد عبدالعزیز بران ساکنہ بابا نگری ونگت، ارشد احمد وانی ولد محمد اکبر وانی ساکنہ حاجن بانڈی پورہ، ظہور احمد سالرو ولد محمد رفیق ساکنہ بنگم شوپیاں، عباس احمد صوفی ولد عبدالسلام صوفی ساکنہ: بونگم شوپیان، بلال احمد صوفی ولد عبدالسلام ساکنہ بونہ پورہ شوپیاں، فیروز احمد ٹھاکر ولد علی محمد ٹھاکرساکنہ کیلر شوپیاں، راجہ رمیز ولد عبدالرشید شاہ ساکنہ کولگام، اشفاق احمد وانی ولد محمد اکبر وانی ساکنہ حاجن بانڈی پورہ، زبیر احمد بجران ولد غلام حسن بجران ساکنہ پوشکر اور خورشید احمد میر ولد فیاض احمد میر ساکنہ کجپارہ کنگن کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس نے مزید بتایاکہ اس کے مطابق قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر زیرنمبر8/2024پولیس تھانہ کنگن میں درج کی گئی اوراس سلسلے میں تحقیقات اور گرفتار شدگان سے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس نے کہاہے کہ عوام الناس سے گزارش ہے کہ ایسے کسی بھی جال میں نہ پھنسیں اور ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں۔