اننت ناگ: پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر جموں کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں جس کے تحت جموں کشمیر کی سبھی سیاسی جماعتیں لوگوں کو اپنی اور راغب کرنے کی غرض سے جموں کشمیر کے مختلف مقامات پر ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کر رہے ہیں
اس دوران جموں کشمیر اپنی پارٹی کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ میں پارٹی کی طرف سے ایک عوامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوکرناگ کے مضافاتی علاقوں کے کئی لوگوں نے شرکت کی،جبکہ اجلاس کی سربراہی اپنی پارٹی کے ضلع صدر عبدالرحیم راتھر نے کی۔ان کے ہمراہ اپنی پارٹی کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔
اس موقع پر مقررین نے ورکران پر زور دیا کہ وہ اپنی پارٹی کے منشور کو گھر گھر پہنچائے اور آنے والے پارلیمانی انتخابات میں اپنی پارٹی کے امیدوار ظفر اقبال منہاس کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔اس دوران چودھری انور فامبرا نے اپنے کئی ورکران سمیت اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جبکہ ضلع صدر نے گجر لیڈر انور فامبرا کا والہانہ استقبال کیا۔
اس موقع پر اپنی پارٹی کے لیڈران نے ورکران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کریں اور آنے والے پارلیمانی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی پارٹی کے نمائندے کو کامیاب بنانے میں اپنا تعاون کریں، تاکہ جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کی راہ کو ہموار کیا جائے۔
اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضلع صدر عبدالرحیم راتھر نے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ این سی خاندانی راج برقرار رکھنے کے لئے اپنی نئی پود کو ہر جلسے میں متعارف کرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ نے کشمیر میں شیخصی راج کو ختم کیا تھا لیکن یہ نہیں کہا کہ ایک شخصی راج کو ختم کیا اور دوسرے شخصی راج کو جنم دیا۔
انہوں نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے جموں و کشمیر کے لیے بہت سارا کام کیا ہے اس کے بعد محبوبہ مفتی نے کشمیر میں حکومت کی اور اب محبوبہ اپنی بیٹی کو سیاست میں متعارف کر رہی ہے۔