اننت ناگ: سابق وزیر اعلی اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی دختر التجا مفتی نے اننت ناگ میں کہا کہ پی ڈی پی کو عوام کا بھرپور تعاون حاصل ہے، کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ پی ڈی پی کے دور اقتدار میں انہیں کافی سہولیت ملی تھی جسے عوام کبھی بھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام واقف ہے کہ محبوبہ مفتی ایک ایسی بہادر اور نڈر سیاست داں ہیں جو پارلیمنٹ میں عوام کی بہتر نمائندگی کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
التجا نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ مرکزی سرکار اپنے سیاسی مفادات کی خاطر یہاں کی عوام کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہی ہے، فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے، تاکہ بی جے پی اس کا فائدہ اٹھا سکے. التجا نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک گلدستہ ہے اور یہ ملک کا واحد ایک ایسا حصہ ہے جہاں کئی مذاہب اور کئی زبانیں بولنے والے لوگ اکٹھے رہتے ہیں۔
سیاست میں آنے کے مقصد کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں التجا نے کہا کہ 2019 میں جب پورے جموں و کشمیر کو ایک قید خانے میں تبدیل کیا گیا، ایک شہری ہونے کے ناطے یہاں کے زمینی حقائق کو منظر عام پر لانا انہوں نے اپنی ذمہ داری سمجھی۔ جب پی ڈی پی کو توڑنے کی کوشش کی گئی تو اپنی والدہ کو اکیلے پاکر وہ ایک بیٹی کے ناطے محبوبہ مفتی کی مدد کے لئے سامنے آگئی اور وہ جانتی ہیں کہ محبوبہ مفتی ایک واحد ایسی آواز ہے جو پارلیمنٹ میں بہتر نمائندگی کریں گی۔
اننت ناگ راجوری نشست پر انتخابات کو موخر کرنے پر التجا نے کہا کہ بی جے پی کو لگا کہ جنوبی کشمیر سمیت پیر پنچال میں پی ڈی پی کی لہر چل رہی ہے، اسلئے ایک سازش کے تحت انتخابات کو ری شیڈول کیا گیا تاکہ محبوبہ مفتی کو پارلیمنٹ جانے سے روکا جائے، لیکن سب سازشوں کو ناکام کیا جائے گا اور انہیں امید ہے کہ عوام محبوبہ مفتی کو بھاری اکثریت کے ساتھ پارلیمنٹ بھیجیں گے۔