بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں کشمیر پولیس نے ایڈیشنل سیشن کورٹ، بارہمولہ کے جانب سے اٹیچمنٹ آرڈر حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں مقیم کشمیری نژاد دو عسکریت پسندوں کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر لیا ہے۔ بارہمولہ پولیس کے مطابق قرق کی گئی 8 کنال اور 4 مرلہ اراضی جلیل احمد راتھر ولد محمد اشرف اور ثناء اللہ میر ساکنان تلگام، بارہمولہ کی ہے اور دونوں اس وقت پاکستان میں مقیم ہے۔
بارہمولہ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایک کیس، جو پہلے ہی درج کیا گیا ہے کے تحت انجام دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر نمبر 04/2008 u/s 2/3 EIMCO ایکٹ، 121 RPC، 7/25 انڈین آرمس ایکٹ، 13 UA (P) ایکٹ آف PS کریری سے منسلک ایک کیس کے تحت یہ کارروائی 83 CRPC کی سیکشن کے تحت انجام دی گئی۔
جموں کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش/انکوائری کے دوران اس پراپرٹی کی شناخت عسکریت پسندی کے ساتھ بلاواسطہ تعلق رکھنے والے افراد کے طور پر کی گئی ہے، جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہے اور عسکریت پسندی کو جلا بخشے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی عسکریت پسند سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
واضح رہے کہ جموں کشمیر پولیس اس قسم کی کارروائی ان عسکریت پسندوں کے خلاف لگاتار جاری رکھے ہوئے ہے جو کشمیر سے باہر، خاص کر پاکستان میں مقیم ہیں۔ اس سے قبل بھی بارہمولہ پولیس نے پاکستان میں مقیم عسکریت پسندوں کے خلاف اس طرح کی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے غیر منقولہ جائیداد بشمول زرعی اراضی اور رہائشی مکان شامل ہیں، کو قرق کر لیا۔