سری نگر، 20 جولائی (یو این آئی) سینئر سیاسی لیڈر خورشید عالم نے ہفتے کے روز یہاں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) میں دوبارہ شمولیت اختیار کی۔
وہ یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی موجودگی میں پی ڈی پی میں دوبارہ شامل ہوئے۔
محبوبہ مفتی اور وہاں موجود دیگر لیڈروں نے ان کا پھول مالائیں پہن کر پارٹی میں دوبارہ استقبال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ خورشید عالم نے 12 جولائی کو پیپلز کانفرنس سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ وہ پیپلز کانفرنس کے صوبائی صدر تھے اور انہوں نے مارچ 2021 میں اس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
انہوں نے سماجی رابطہ گاہ‘ایکس’پر ایک پوسٹ کرکے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا:‘اس معزز پارٹی کے ساتھ وابستہ رہنے سے نا قابل یقین تجربہ حاصل ہوا تاہم وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ میں اپنے عوام کے نمائندے کی حیثیت سے افق سے پرے دیکھوں اور ان کے تحفظات کو دور کر سکوں اور ان کے اعتماد کا حترام کروں جو شروع سے ہی انہوں نے مجھ پر ظاہر کیا ہے’۔
انہوں نے اپنے پوسٹ میں کہا تھا:‘گرچہ پیپلز کانفرنس ایک شاندار پیلٹ فارم ہے اور سجاد لون صاحب ایک قابل ذکر شخص ہیں جن کے ساتھ میرا برادرانہ رشتہ ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا:‘مجھے یقین ہے کہ میرے لوگوں کے مینڈیٹ کو یہاں پوری توجہ نہیں دی جائے گی اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے حلقے کی بہتر خدمت کے لئے آگے بڑھوں’۔
قابل ذکر ہے کہ خورشید عالم نے سرکاری نوکری سے سبکدوش ہونے کے بعد پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
پانچ اگست 2019 کو دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد ان کو بھی بند کیا گیا تھا۔ انہوں نے مارچ 2021 میں پی ڈی پی سے استعفیٰ دیا تھا۔