جموں: دفعہ 370 کی منسوخی کی پانچویں برسی کے موقعے پر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جموں وکشمیر انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ایک روز کے لیے امرناتھ یاترا کو معطل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے امرناتھ یاتریوں کے قافلے کو وادیٔ کشمیر کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ یاتریوں کو کل صبح تک یاتری نواس میں قیام کرنے کو کہا گیا ہے اور کسی بھی یاتری کو امرناتھ گپھا کے درشن کے لیے روانہ نہیں ہونے دیا گیا۔
کل یعنی 6 اگست منگل کو امرناتھ یاترا کے 38ویں دستے کو جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے گپھا کے درشن کے لیے وادیٔ کشمیر کی جانب جانے کی اجازت دی جائے گی اور کل علی الصبح امرناتھ یاترا کا تازہ قافلہ معمول کے مطابق گاڑیوں میں پہلگام اور بالتل بیس کیمپس کی طرف اپنا سفر شروع کریں گے، اور اگلی صبح سے دونوں راستوں بالتل اور پہلگام سے مقدس گپھا کے درشن کے لیے روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ 52 روز پر مشتمل امرناتھ یاترا 29 جون سے شروع ہوئی جو 19 اگست تک جاری رہے گی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 29 جون کو امرناتھ یاترا کے آغاز کے بعد سے اب تک 4.80 لاکھ سے زائد یاتریوں نے گپھا کا درشن کیا۔