سری نگر/05؍دسمبر:وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے بانی اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ شیخ محمد عبداللہ کو ان کی 119 ویں یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے آج نسیم باغ حضرت بل کا دورہ کیا۔
شیرِکشمیر کے نام سے مشہور شیخ محمد عبداللہ کو ان کی دُور اندیش قیادت اور جموں و کشمیر میں ان کی بے مثال خدمات کے لئے یاد کیا جاتا ہے۔
وہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے والد اور پارٹی کے کارگزار صدر اور موجودہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دادا تھے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نسیم باغ میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے ہمراہ شیخ محمد عبداللہ کے مزار پر گل دائرے چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اُنہوں نے اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے نظریات کے تئیں اَپنی وابستگی کا اعادہ کیا ۔
اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں شیخ محمد عبداللہ کے دیرپا اثرات کی عکاسی کرتے ہوئے کہا ،’’ شیر کشمیر کا نظریۂ ہمیں اَپنے لوگوں کی بہتری کے لئے انتھک محنت کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ آج ہم اُن کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور اِنصاف، مساوات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ان کے نظریات کے تئیں اَپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اَپنے والد کی خدمات کا بھی احترام کرتے ہوئے اُنہیںایک مشعل راہ رہنما قرار دیا جس کے اصول ہمیشہ ہمیں آگے لے جائیں گے ۔
اِس یادگاری پروگرام میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں ، کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی جو جموں و کشمیر کی تاریخ کی ایک قد آور شخصیت شیخ محمد عبداللہ کی زندگی اور میراث کو یاد کرنے کے لئے جمع ہوئے تھے۔
