نئی دہلی، 5 جون:
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی حج کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعے بنائے گئے کیمپ کا اچانک دورہ کیا اور عازمین حج سے ملاقات کی اور سبھی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔یہ اطلاع دہلی حج کمیٹی کی جاری کردہ ریلیز میں دی گئی ہے۔
اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر ممبر سید شاداب حسین رضوی اشرفی،ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق ممبر اور کورڈینٹر عرفان احمد،سابق ممبر اور کورڈینٹر حسن باقر کاظمی اور کورڈینٹر محمد نفیس و کثیر تعداد میں عازمین حج موجود تھے۔
اس موقع پرمسٹر نقوی نے سبھی عازمین حج کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایک بہت مقدس جگہ پر جا رہے ہیں۔ آپ وہاں جا کر سبھی لوگوں کے لیے اچھی صحت سلامتی ملک کی ترقی اور امن کے لیے دعاء کریں۔
انہوں نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سبسڈی کی بے ایمانی کو ایمانداری کی طاقت سے ختم کیا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب سرکار نے کچھ ٹیکس بڑھائے ہیں پھر بھی ہم نے حج کو کم سے کم ریٹ میں کرانے کی کوشش کی ہے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختاراحمد نے کہا کہ ایک حج ایک پاک سفر ہے اور اس سفر پر جانے والے لوگ پاک ہیں اور ان کی خدمت کرنا ایک ثواب کا کام ہے ہم سب لوگ مل جل کر عازمین حج کی سہولیات کا پورا خیال رکھ رہے ہیں اور ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لیے ہم کوشاں ہیں۔اس موقع پر جناب حسن باقر کاظمی، جناب عرفان احمد اور جناب نفیس احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عازمین حج کی خدمت کے لیے ہم سب ہمیشہ تیار ہیں اور ان کی سہولیات کے لیے کوشاں ہیں۔
