جموں،05جون :
جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ غلام نبی آزاد ایک قدر آور لیڈر ہے اور اگر وہ اپنی پارٹی میں آنے کے خواہاں ہے تو یہ ہمارے لئے خوش قسمتی کی بات ہوگی۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ کشمیری پنڈت ملازمین اور دیگر اقلیتوں کو فل پروف سیکورٹی فراہم کی جانی چاہئے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔الطاف بخاری نے کہاکہ کشمیری پنڈتوں اور دیگر عام شہریوں کی ٹارگیٹ کلنگ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے بتایا کہ کشمیری پنڈتوں کا قتل افسوسناک ہے اور یہ سسٹم کی ہی ناکامی نہیں بلکہ لوگوں کی بھی ناکامی ہے۔
اْن کے مطابق اگر ہم نے ان ہلاکتوں پر روک نہیں لگائی تو ہمارے لئے یہ شرمندگی سے کم نہیں۔مسٹر بخاری نے کہاکہ کشمیری پنڈٹوں کی سیکورٹی کے لئے جو بھی ممکن ہے وہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ سرکار پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر معقول سیکورٹی بندوبست کرئے۔
امر ناتھ یاترا کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں الطاف بخاری نے کہاکہ جب وادی کشمیر میں ملی ٹینسی کا بول بالا تھا تب بھی امر ناتھ یاترا ہوئی اور آج تک یاترا کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حال کے ایام میں صرف ہندوں کو ہی نہیں بلکہ کشمیری مسلمانوں کا بھی قتل کیا گیا۔غلام نبی آزاد کی اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں الطاف بخاری نے کہاکہ آزاد صاحب ایک قدر آور لیڈر ہے اور اگر وہ اپنی پارٹی میں آنا چاہتے ہیں تو یہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہوگی۔
