نئی دہلی، 10 جون:
سپریم کورٹ نے نیشنل ایلیجبلٹی کم انٹرینس ٹیسٹ( نیٹ) پی جی۔2021 کے لیے خالی سیٹوں پر کونسلنگ کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔ جسٹس ایم آر شاہ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ مرکزی حکومت اور میڈیکل کونسلنگ کمیٹی کے فیصلے کے بعد دوبارہ کونسلنگ سے طبی تعلیم کا معیار متاثر ہوگا۔ عدالت نے 9 جون کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔
سپریم کورٹ میں داخل ایک حلف نامہ میں، میڈیکل کونسلنگ کمیٹی (ایم ای سی ) نے کہا تھا کہ نیٹ پی جی 2021 کے امتحان کے انعقاد کے لیے سافٹ ویئر کو اب بند کر دیا گیا ہے۔ اس لیے اب 1456 سیٹیں نہیں بھری جا سکتیں۔ ایم سی سی نے کہا تھا کہ ایک ساتھ دو سیشن 2021 اور 2022 کے لیے کونسلنگ نہیں کی جا سکتی۔ ایم سی سی نے کہا تھا کہ 2022 سیشن کے لیے نیٹ کا امتحان 21 مئی کو منعقد ہوا تھا اور یکم جون کونتائج کا بھی اعلان کر دیا گیا تھا۔ 2022 کے سیشن کی کونسلنگ جولائی کے آخر تک ختم ہو جائے گی۔
8 مئی کو سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے نیٹ پی جی میں 1456 سیٹوں پر داخلہ نہیں ہونے پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ عدالت نے ایم سی سی سے پوچھا تھا کہ ایک طرف ملک میں ڈاکٹروں کی کمی ہے اور ایم سی سی خالی سیٹوں کے لیے خصوصی کونسلنگ نہیں کر رہی ہے۔ عدالت نے کہا تھا کہ یہ ان طلبا کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے جنہیں داخلہ مل سکتا تھا۔
