نئی دہلی، 13 جون:
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے راہل گاندھی سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ تین گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی لنچ کے لیے ای ڈی آفس سے اپنی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ اس کے بعد راہل گاندھی اپنی والدہ سونیا گاندھی کا حال جاننے سر گنگا رام اسپتال پہنچے۔ سونیا کووڈ سے متاثر ہیں اور اتوار کو ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں سر گنگا رام میں داخل کرایا گیا تھا۔
راہل گاندھی کو نیشنل ہیرالڈ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی نے پیر کو طلب کیا ہے۔
راہل پارٹی کے سینئر لیڈر اور ان کی بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ آج صبح 11.30 بجے کانگریس ہیڈکوارٹر سے ای ڈی کے دفتر پہنچے تھے۔ تین گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد انہیں 2.30 بجے دوپہر کے کھانے کا وقفہ دیا گیا۔ اپنی رہائش گاہ پر لنچ کے بعد راہل اب دوبارہ ای ڈی کے دفتر پہنچ گئے ہیں۔
ای ڈی کے اس قدم کو لے کر کانگریس نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔ دہلی میں پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں اور کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی کو نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں ای ڈی نے آج اپنے دفتر میں طلب کیا تھا۔ یہاں ای ڈی افسر نے راہل گاندھی سے تقریباً تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ ای ڈی کے اس قدم کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس نے ملک بھر میں مظاہرہ کیا۔ اس سلسلے میں دہلی میں پولیس نے کانگریس کے کئی لیڈروں کو حراست میں لے لیا۔
