نئی دہلی: پارلیمنٹ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب میں 75 روپے کا نیا سکہ بھی جاری کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی پارلیمنٹ کی اس نئی عمارت کے افتتاحی پروگرام کو یادگار بنانے کے لیے 28 مئی کو 75 روپے کا نیا سکہ جاری کریں گے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 75 روپے کے اس نئے سکے کا سائز 44 ملی میٹر ہوگا۔ جب کہ اس کا وزن 35 گرام ہوگا۔ سکے کے بالائی حصے پر اشوک استھمب کے شیر کی تصویر ہوگی، اس کے نیچے ‘ستیہ میو جیتے’ لکھا ہوگا۔ اس کے بائیں جانب دیوناگری رسم الخط میں لفظ ‘بھارت’ اور دائیں جانب انگریزی میں ‘انڈیا’ لکھا ہوگا۔ سکے کے الٹے سائیڈ پر پارلیمنٹ ہاؤس کی تصویر ہوگی۔ سکے کے اوپری حصے پر ‘سنسد سنکول’ دیوناگری رسم الخط میں اور نچلے حصے پر ‘پارلیمنٹ کمپلیکس’ انگریزی میں لکھا ہوگا۔ پارلیمنٹ کمپلیکس کی تصویر کے نیچے سال 2023 لکھا ہوگا۔
وزارت خزانہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ محکمہ اقتصادی امور ڈی ای اے اسے جاری کرے گا۔ یہ یادگار کے طور پر جاری کیا گیا سکہ ہے۔ اسے تقریباً 3800 روپے فی سکہ کے حساب سے فروخت کیا جائے گا۔ اس سکے کا وزن 35 گرام ہے اور یہ چار دھاتوں سے بنا ہوا ہے۔
