سری نگر:۱۲،ستمبر
: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو لوک سبھا میں خواتین ریزرویشن بل کی منظوری پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ راجیہ سبھا میں بل کی منظوری کے بعد خواتین میں جو اعتماد پیدا ہو گا، وہ اُبھر کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین ایک بے مثال طاقت کیساتھ ملک کو نئی بلندیوں پر لے جائےں گی۔
وزیر اعظم مودی نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے خواتین کے ریزرویشن بل کی منظوری کی حمایت کرنے کا سہرا تمام پارٹیوں کے ممبران پارلیمنٹ کو دیا اور کہا کہ کل ہندوستان کے پارلیمانی سفر کا سنہری لمحہ تھا۔ اس ایوان کے تمام اراکین اس سنہری لمحے کے مستحق ہیں۔وزیر اعظم کاکہناتھاکہ کل کا فیصلہ اور آج، جب ہم راجیہ سبھا سے بل کی منظوری کے بعد آخری میل عبور کریں گے، تو ملک کی خواتین کے چہروں میں جو تبدیلی آئے گی اور جو اعتماد قائم ہوگا، وہ ایک ناقابل تصور اور بے مثال طاقت بن کر اُبھرے گا۔
دریں اثنا، مرکزی وزیر قانون وانصاف ارجن رام میگھوال نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں خواتین کے ریزرویشن بل کو پیش کیا۔میگھوال نے راجیہ سبھا میں کہاکہ آج میں جو آئینی ترمیمی بل لایا ہوں اس کے ذریعے آرٹیکل 330، آرٹیکل 332 اور آرٹیکل 334 میں ایک سیکشن ڈالا جائے گا۔ ان کے ذریعے لوک سبھا اور تمام ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئےایک تہائی نشستیں محفوظ کی جائیں گی۔ انہوںنے کہاکہ یہ ملک کیلئے ایک بڑا قدم ہے۔
اس سے قبل بدھ کو لوک سبھا نے خواتین کے ریزرویشن بل کو منظور کیا جس میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے33 فیصد ریزرویشن کا انتظام کیا گیا ہے۔آئین (128 ترمیم) بل، 2023، وزیر قانون میگھوال کے جواب کے بعد منظور کیا گیا۔بل کو تقسیم کے بعد پاس کیا گیا جس میں وزیر قانون میگھوال کی طرف سے پیش کی گئی تحریک پر 454 ارکان نے قانون سازی کے حق میں اور2نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ اپوزیشن ارکان کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم کو منفی قرار دیا گیا اور بل کی شقوں پر ووٹنگ بھی ہوئی۔منگل کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں منتقل ہونے کے بعد ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ پہلا بل ہے جسے لوک سبھا نے خصوصی اجلاس کے دوران پاس کیا۔یادرہے راجیہ سبھا نے اس سے قبل کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دوران 2010 میں خواتین کے ریزرویشن بل کو پاس کیا تھا لیکن اسے لوک سبھا میں نہیں اُٹھایا گیا اور بعد میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں ختم ہوگیا۔پارلیمنٹ کا رواںخصوصی اجلاس پیر کو شروع ہوا اور جمعہ تک جاری رہے گا۔
