چٹان ویب مانیٹرینگ
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مارچ کے مہینے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔پیر کو آئی سی سی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور آسٹریلوی خواتین ٹیم کی اوپنر ریچل ہائنز مارچ کے مہینے میں ’پلیئر آف دا منتھ‘ قرار پائے ہیں۔
بابر اعظم اپنے کیریئر میں دو بار یہ اعزاز کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل سال 2021 میں بھی اپریل کے مہینے میں انہیں ’پلیئر آف دا منتھ‘ قرار دیا جاچکا ہے۔آئی سی سی نے اپنے بیان میں بابر اعظم کی آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے ان کی کراچی ٹیسٹ میں 196 رنز کی اننگز کو بہترین پرفارمنس قرار دیا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بینوا، قادر ٹرافی میں بابر اعظم آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ اور پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی تھے۔
دوسری جانب آسٹریلوی خاتون کھلاڑی ریچل ہائنس کو ’پلیئر آف دا منتھ‘ قرار دینے کی وجہ ان کی ورلڈکپ 2022 میں بہترین کارکردگی ہے۔انہوں نے ورلڈکپ 2022 میں 61.28 رنز کی اوسط سے آٹھ میچوں میں 429 رنز بنائے اور وہ اس میگا ایونٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر تھیں۔