سری نگر25فروری:
جنوبی ضلع کولگام میں سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ سے وابستہ چار ملی ٹینٹ معاونین کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ کولگام پولیس ، فسٹ آرآر اور 18بٹالین سی آر پی ایف نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران چار ملی ٹینٹ معاونین کو حراست میں لے لیا ہے۔
موصوف ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت ظہور احمد پنڈت ولد عبدالغنی پنڈت ، بشیر حسین پنڈت ولد فاروق احمد پنڈت، امتیاز گل ولد گل محمد بٹ اور گلزار احمد کھار ولد غلام محمد کھار ساکنان وانپورہ کے بطور کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ معاونین کے قبضے سے پستول ، دو پستول میگزین، 20پستول گولیوں کے راونڈ چار یو بی جیز اور 24انساس گولیوں کے راونڈ برآمد کئے۔
ان کے مطابق تحقیقات بڑے پیمانے پر جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔
