سری نگر، 7 مارچ :
جموںو کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کو جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ سالوں میں ناقابل یقین تبدیلی لانے کا سہرا دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامہ خیزی سے لے کر سکون تک وادی کشمیر امن کا گڑھ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’نیا کشمیر‘ میں لوگ پرامن زندگی گزار رہے ہیں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ ہے۔سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں ایک میگا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا کہ وہ دن گئے جب کشمیر علیحدگی پسندی، دہشت گردی اور خونریزی کے لیے جانا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک ناقابل یقین تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے اور یہ سب وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں سے تصور کیا گیا ہے جنہوں نے کشمیر کو امن کے گھر میں تبدیل کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو صوفیاء اور ریشیوں کی سرزمین کے طور پر جانا جاتا تھا اور گزشتہ پانچ سالوں میں اس خطہ نے ایک بہت بڑی تبدیلی دیکھی ہے جس میں لوگ پرامن زندگی گزار رہے ہیں اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں نمایاں ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا کہ سڑکوں پر کسی معصوم کی جان ضائع نہیں ہو رہی ہے اور نہ ہی کسی کی آنکھیں چھروں سے چھنتی ہیں۔ کشمیر میں سڑکوں پر احتجاج اب ختم ہو چکا ہے۔
کلاک ٹاور لال چوک پر ترنگا اونچا اڑ رہا ہے جو ایک بہت بڑی تبدیلی کی تصدیق کرتا ہے اور ہر کسی کو پرانے کشمیر کی یاد دلاتا ہے۔وزیر اعظم مودی کے تئیں کشمیریوں کی محبت کو سراہتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بخشی اسٹیڈیم میں کل 35,000 لوگوں کی گنجائش ہے اور یہ پوری طرح سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔ بہت سے لوگ کھڑے ہیں کیونکہ بیٹھنے کی جگہ نہیں ہے۔ یہ ہے پی ایم مودی کے لیے کشمیر سے محبت۔ اگر دو لاکھ لوگوں کے لیے گراؤنڈ ہوتا تو وہ بھی چھوٹا پڑ جاتا۔