بھوپال، 6 اپریل: بھارتیہ جنتا پارٹی کے آج یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کی ریاستی اکائی کا مقصد ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کو پارٹی میں شامل کرنا ہے۔
اس بارے میں نامہ نگاروں کو معلومات فراہم کراتے ہوئے پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر وشنودت شرما نے کہا کہ پارٹی اپنے یوم تاسیس پر ایک لاکھ لوگوں کو پارٹی میں شامل کرے گی۔
پچھلے سال ریاست میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد سے، کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈر بی جے پی میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے کانگریس سے وابستہ کئی لوگ بشمول سابق مرکزی وزیر سریش پچوری، سابق ایم ایل اے سنجے شکلا، وشال پٹیل، انتر سنگھ دربار اور ارونودے چوبے بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی بی جے پی سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کے آبائی حلقہ چھندواڑہ سے کانگریس کے لوگوں کو بی جے پی میں شامل کرنے میں مسلسل کامیاب ہو رہی ہے۔ اسی سلسلے میں حال ہی میں امرواڑہ کے کانگریس ایم ایل اے کملیش شاہ، چھندواڑہ کے میئر وکرم آہاکے اور چورئی کے سابق ایم ایل اے گمبھیر سنگھ نے بھی کانگریس کو خیرباد کہہ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔