سرینگر / 13 مئی کو سرینگر پارلیمانی حلقہ میں پارلیمانی انتخابات کے چوتھے مرحلے کے اختتام کے بعد شمالی کشمیر کی طرف سی اے پی ایف کے قافلے کی آمد شروع ہو گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کیلئے سی اے پی ایف کی اضافی 80 کمپنیوں کی تعیناتی کی درخواست وزارت داخلہ کو پیش کی گئی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ بدھ کے روز تقریباً 19 کمپنیاں بشمول بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور آئی ٹی بی پی بارہمولہ پہنچیں اور انہیں بارہمولہ لوک سبھا حلقہ کے تحت آنے والے متعلقہ علاقوں میں تعینات کیا گیا۔ان 19 کمپنیوں میں آئی ٹی بی پی کی 10 کمپنیاں، بی ایس ایف کی چار کمپنیاں اور سی آر پی ایف کی پانچ کمپنیاں شامل ہیں۔
قافلے کی نقل و حرکت اگلے چند دنوں تک جاری رہے گی اور نیم فوجی دستوں کو ضرورت کے مطابق ان کے مقرر کردہ علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔خیال رہے کہ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے علاوہ بڈگام اور بیرواہ کے دو اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے۔خصوصی خلاصہ کے مطابق بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں 17,28,501 ووٹران ہیں۔چاروں اضلاع میں 2103 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 905 پولنگ اسٹیشن بارہمولہ ضلع میں ہیں اور ان سبھی کو نازک پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق بارہمولہ ضلع میں اس مقصد کیلئے39 پولنگ پارٹیاں تشکیل دی گئی تھیں، جن میں سے 16 اوڑی کیلئے ، دو گلمرگ اور بارہمولہ کیلئے تین تین وگورا کریری اور پٹن کیلئے اور پانچ سوپور کیلئے مقرر کیے گئے تھے۔
بارہمولہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے کیے گئے حفاظتی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ میں پولیس نے ضلع بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں جس میں چوکیوں اور مختلف مقامات پر تلاشی لی جارہی تھی، جبکہ فلائنگ اسکارڈس اور سٹیٹک سرویلنس ٹیمیں سی سی ٹی وی کوریج کے تحت سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی تھیں۔