سری نگر:جموں وکشمیر میں گرمی کا زور جاری رہتے ہوئے سری نگر میں کم سے کم ایک دہائی کے بعد ماہ مئی کا گرم ترین دن ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چھ دنوں کے دوران وادی کشمیر میں درجہ حرارت 34ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر میں جمعرات کے روز ایک دہائی کے بعد ماہ مئی کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جس دوران درجہ حرارت 32.2ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سری نگر میں سال 1968میں 36.4ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
گاندربل میں 33.6ڈگری ، قاضی گنڈ میں 32.6، پہلگام میں 27.3، کوکر ناگ میں 30.1، کپواڑہ میں 30.6ڈگری جبکہ گلمرگ میں 22ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں اگلے 6 دنوں کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے لوگوں سے دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک شدید گرمی سے بچنے کی تاکید کی ہے۔
لوگوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد اور بچوں سے زیادہ سے زیادہ پانی پینے کو کہا گیا ہے۔