سری نگر:وادی کشمیر میں فقیدالمثال سیکورٹی بندوبست کے بیچ سالانہ شری امر ناتھ جی یاترا آج سے با قاعدہ طور پر شروع ہوگی۔بتادیں کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے زائد از چار ہزار یاتریوں پر مشتمل پہلے جتھے کو کشمیر کے لئے روانہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے یاتریوں کے محفوظ، با برکت اور روحانی طور پر بھر پور سفر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا: ‘با با امرناتھ جی یاترا کے آشیرواد سے ہر ایک کی زندگی میں امن، خوشی اور خوشحالی آئے’۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یاتری ہفتے کی صبح وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے بالتل بیس کیمپ اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ننون پہلگام بیس کیمپ سے پوتر گھپا کی طرف پیدل روانہ ہوں گے۔
جموں خطے کے ریاسی میں ماہ رواں کے آغاز میں یاترا بس پر ہونے والے حملے کے پیش نظر یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پوری یونین ٹریٹری میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
یاتریوں کے تحفظ کے لئے یاترا کے روٹس کے گرد و پیش اور اونچی جگہوں پر ہزاروں کی تعداد میں پولیس اور سینٹرول آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے اہلکاروں کے علاوہ فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے جنہں مستعد رہنے کے سخت ہدایات دئے گئے ہیں۔ننون پہلگام بیس کیمپ سے پوتر گھپا کی یاترا کرنے والے یاتریوں کو جنوبی کشمیر کے کولگام اور اننت ناگ اضلاع سے گذرنا پڑتا ہے جبکہ بالتل بیس کمیپ سے پوتر گھپا کی یاترا کرنے والے یاتریوں کو کولگام، اننت ناگ، پلوامہ، سری نگر، بانڈی پورہ اور گاندر بل اضلاع کو عبور کرنا پڑتا ہے۔ادھر شری امرناتھ جی یاترا کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے گذشتہ کئی روز کے دوران اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگیں منعقد کی گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر آر آر سوین نے جمعرات کو بالتل بیس کیمپ اور جموں اور اودھم پور میں یاتریوں کے ٹھہرنے کے دوسرے اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی فورسز کو ہوشیار رہنے کی ہدایت دی تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے کو ٹالا جا سکے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی کی صدارت میں جمعرات کو ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پر امن یاترا کو یقینی بنانے پر بات چیت ہوئی۔ایک پولیس ترجمان کے مطابق اس میٹنگ کے دوران شیش ناگ اور چندن واڑی روٹس کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی گفت و شنید ہوئی۔دریں اثنا یاتریوں کا پہلا جھتہ جمعہ کو کشمیر پہنچا جہاں یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ کولگام اطہر عامر نے بتایا کہ یاتریوں کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں اور اور یہاں کے لوگوں میں یاترا کے حوالے سے کافی جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے یاترا روٹوں پر قریب 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔