جموں: ضلع ڈوڈہ کے ڈیسا فاریسٹ ایریا میں پیر کی شام دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولی باری کے دوران ہندوستانی فوج کے 5 جوان زخمی ہوگئے، جن میں سے 4 جوان زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔
جموں اور کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں پیر کی شام ایک تصادم شروع ہوا تھا، جس میں پیر کو عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت 5 ہندوستانی فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے، حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، چار جوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اور ایک جوان آرمی اسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔
پولیس نے پیر کو بتایا کہ گولی باری ڈیسا کے جنگلاتی علاقے میں شروع ہوئی۔ ابتدائی طور پر فائرنگ کے تبادلے کی اطلاع ملی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
علاقے میں سرچ آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران موقع پر ہی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اس سے قبل وائٹ نائٹ کور کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ہندوستانی فوج نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے جانکاری دی تھی کہ، مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر، ہندوستانی فوج اور جموں کشمیر پولیس کی طرف سے ڈوڈہ کے شمالی علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن جاری ہے اور عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم رات تقریباً نو بجے شروع ہوا تھا جس میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پوسٹ میں فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی جانکاری دی گئی تھی۔