کپواڑہ: جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں ہفتہ کی صبح سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم دو فوجی زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی طرف سے عسکریت پسندوں کے خلاف چلائے گئے آپریشن میں ترہگام علاقے کے ماچھل سیکٹر میں کمکڈی پوسٹ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ گذشتہ تین دنوں کے دوران اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
علاقے میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے مشتبہ عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے تلاشی مہم شروع کی۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کے دوران کمکڈی پوسٹ کے قریب عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا۔
افسر نے بتایا کہ “جب سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کو چیلنج کیا تو انہوں نے گولی چلا دی، جس کے نتیجے میں جوابی فائرنگ شروع ہوئی۔”
افسر نے مزید کہا کہ جوابی کارروائی میں اب تک ایک جنگجو مارا گیا ہے، اور دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، اور زخمی فوجیوں کو قریبی طبی مرکز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے۔ فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں نے پورے علاقے کو اپنے محاصرے میں لے رکھا ہے۔