جموں (یو این آئی)جموں کے پٹنی ٹاپ جنگل میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کوکر ناگ،پٹنی ٹاپ ، ادھم پور اور کشتواڑ کے جنگلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی شام کو ڈوڈہ ضلع کے پٹنی ٹاپ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین کافی دیر تک دوبدو گولیوں ک تبادلہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پٹنی ٹاپ کے عکار جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہاکہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے اس واقعے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
دریں اثنا جموں نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے مشترکہ طورپر پٹنی ٹاپ کے جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے کہاکہ علاقے میں آپریشن جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ کوکر ناگ کے اہلن گڈول ، کشتواڑ، ڈوڈہ ضلع کے پٹنی ٹاپ اور ادھم پور میں بیک وقت ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے گھنے جنگلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو جلدازجلد مار گرایا جاسکے۔