آبائی علاقے میں نعش پہنچتے ہی صف ماتم بچھ گئی ، پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک
سرینگر/ٹی آر سی سرینگر میں 03نومبر کو ہوئے گرینیڈ حملے میں زخمی بانڈی پورہ کی خاتون اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گئیں ۔سرینگر کے ٹی آر سی علاقے میں 03نومبر کو سنڈے مارکیٹ کے بیچ و بیچ ایک گرینیڈ داغا گیا تھا جس کے نتیجے میں 12افراد زخمی ہو گئے تھے جن میں بانڈی پورہ کی ایک خاتون جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کے تین بچے ہیں بھی شامل تھیں ۔ قریب 9روز تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد منگل کی صبح خاتون نے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میںزندگی کی آخری سانس لی ۔
اسپتال حکام نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 45 سالہ خاتون عابدہ جو 3 نومبر کو ٹورسٹ ریسپشن سینٹر (ٹی آر سی) کے قریب گرنیڈ حملے میں زخمی ہوئی تھیں آج دم توڑ گئی۔انہوں نے کہا کہ خاتون کی شناخت عابدہ عرف سمیہ زوجہ زبیر احمد لون ساکنہ نائد کھائی سنبل بانڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔وہ زخمیوں میں شامل تھی اور ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں زیر علاج تھی تاہم شدید چوٹ لگنے کے باعث وہ زندگی کی جنگ ہار گئیں ۔
ادھر جونہی خاتون کی نعش آبائی علاقے میں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گئی اور خواتین سینہ کوبی کرتے ہوئے دیکھی گئی جس کے بعد خاتون کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ خاتون کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کے تین چھوٹے بچے ہیں ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں پولیس نے اس کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ گرینیڈ حملے میںملوث ملی ٹنٹوں کے تین ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
