پلوامہ : دیہی ترقیات اور پنچایت راج جموں و کشمیر محکمہ کے سکریٹری محمد اعجاز اسد نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کا دورہ کیا۔ سکریٹری نے اپنے ضلع کے دورے کے دوران محکمہ دیہی ترقیات اور پنچایت راج پلوامہ کے ملازمین اور افسران کی محکمہ کی مختلف ترقیاتی اسکیموں پر عمل آوری کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ جائزہ میٹنگ میں سیکرٹری دیہی ترقیات و پنچایت راج محمد اعجاز اسد، ڈائریکٹر دیہی ترقیات محکمہ شبیر حسین بٹ، ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم، اے سی ڈی پلوامہ پیرزادہ فرحت اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
جائزہ میٹنگ کا بنیادی مقصد ضلع پلوامہ میں محکمہ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا اور محکمہ کی مختلف اسکیموں کی سیچوریشن کو جانچنا تھا۔ جائزہ میٹنگ کے دوران سکریٹری نے ضلع کی مجموعی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ضلع میں محکمہ کی اسکیموں کی صدفصدی ہونے پر توجہ دی۔ سیکرٹری محمد اعجاز اسد نے کہا کہ پنچایت راج کی وزارت نے جموں و کشمیر کے لیے 500 نئے پنچایت گھروں کی منظوری دی ہے اور جلد ہی جموں و کشمیر کے مختلف پنچایت دیہاتوں میں قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ دیہی علاقوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہے اور اس کے لیے پوری کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا جموں وکشمیر میں ملک کے باقی ریاستوں کے مقابلے میں صاف صفائی کے حوالے سے بہت اچھی اقدامات اٹھائے گئی ہے اور جموں وکشمیر میں دیہی ترقی کے محمکہ کی جانب سے کئی منصوبوں کو انجام دیا گیا ہے جبکہ ان پر مزید کام کیا جائے گا تاکہ ان کو فعال بنایا جاسکے۔