سری نگر،02 دسمبر(یو این آئی) اوبیر نے ہندوستان میں اپنی پہلی نوعیت کی واٹر ٹرانسپورٹ سروس متعارف کی ہے اور سیاحوں کو شہرہ آفاق جھیل ڈل میں شاندار شکاروں کی پیش گی بکنگ کی اجازت دی ہے۔
اوبیر شکارا کے نام سے یہ سروس پیر کو ایک محدود مدت کے طورپر شروع کی گئی جس کا مقصد مرکزی زیر انتظام علاقے میں جدید سہولیات کو متعارف کرانا ہے۔
اوبیر نے ایکس پر لکھا :’روایت اور ٹیکنالوجی کے بہترین امتزاج :’اب آپ اپنی پرسکون شکارا سواری کو 15روز قبل بک کرسکتے ہیں۔ ‘
انہوں نے مزید کہاکہ اوبیر ایپ پر صرف بٹن دبانے سے آپ شکارا کا لطف اٹھانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ سری نگر میں اوبیر شکارا کا آغاز تخلیقی طریقوں کا ثبوت ہے اور اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ثقافتی ورثے کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آنے والے سیاحتی سیزن میں یہ پیشکش سیلانیوں کو شکارا سواری کے منظر کشی کے لئے ایک ہموار طریقہ فراہم کرئے گا ۔
ایل جی منوج سنہا نے کہا :’میں اوبیر کے اس سوچ کو سراہتا ہوں ، ایک ساتھ مل کر ہم دنیا کے سامنے ہندوستان کے تاج کی شان دکھا رہے ہیں۔ ‘
انہوں نے کہاکہ اس وقت جموں وکشمیر میں موسم سرما کا سیزن چل رہا ہے اور جموں وکشمیر کے لوگ آپ کو اس جادوئی موسم میں لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔
اوبیر نامی کمپنی کے ایک عہدیدار نے کہاکہ اس اقدام سے مقامی شکارا آپریٹرز کی روزی روٹی کی سبیل کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کے لئے شکارا کی سواری کی رسائی مزید آسان ہو۔
انہوں نے مزید کہاکہ فی الحال اس سروس میں سات شکارا شامل ہیں اور اس میں توسیع کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
ان کے مطابق سیاح اوبیر ایپ کے ذریعے شکارا کی بکنگ کر سکتے ہیں اور حکومت کے مقررکردہ نرخوں کے حساب سے ہی کرایہ وصول کی جائے گی۔
