یروشلم؍ نئی دہلی 20 مارچ
اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر 2 اپریل سے ہندوستان کے دورے پرآئیں گے۔وزیر اعظم کے دفتر سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی دعوت پر 2 اپریل کو ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی ٹویٹ کیاکہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر اپنے پہلے سرکاری دورے پر ہندوستان کا دورہ کرنے کے لئے بہت پرجوش ہوں۔اسرائیلی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر ہوگا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ 2 اپریل 2022 سے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کے دورے پر ہوں گے۔
اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے گزشتہ سال اکتوبر میں گلاسگو میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔ اس دوران مسٹر مودی نے اسرائیل کے وزیر اعظم کو ہندوستان کے سرکاری دورے پر آنے کی دعوت دی تھی۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ا سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانا ہے اور اس دورے کا اہتمام دونوں ممالک کے درمیان 30 سالہ تعلقات کی یاد میں کیا گیا ہے۔ اس ملاقات کے دوران دونوں رہنما جدت، معیشت، ترقی اور تحقیق، زراعت اور دیگر بہت سے متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر بات کریں گے۔ دورے کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم مسٹر مودی کے علاوہ اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اور ملک میں یہودی برادری کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔
مسٹر بینیٹ کے حوالے سے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی نے ہند۔ اسرائیل تعلقات کو دوبارہ شروع کیا جو تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ دو بالکل مختلف ثقافتوں کا تعلق ہے، خواہ ہندوستانی ہو یا اسرائیلی، دونوں کی جڑیں گہری ہیں اور دونوں بامعنی تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔ بہت سی چیزیں ہیں جنہیں ہم ہندوستانیوں سے سیکھ سکتے ہیں اور ہم اس کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ ہم مل کر اختراع اور ٹیکنالوجی، سیکورٹی اور سائبر کے ساتھ ساتھ زراعت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔